اسلام آباد: (دنیا نیوز) فرخ حبیب کی بطور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ وزیراعظم نے عثمان ڈار کو دوبارہ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان تعینات کر دیا۔ ڈاکٹر وقار مسعود خان کو معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو تعینات کیا گیا ہے۔
صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر فرخ حبیب کو وزیر مملکت تعینات کر دیا جس کے بعد وزیراعظم نے فرخ حبیب کو وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا قلمدان دے دیا ہے۔ فرخ حبیب نے آج وزیر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان نے عثمان ڈار کو دوبارہ معاون خصوصی برائے امور نوجوانان تعینات کر دیا۔ ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کمیشن کے باعث عثمان ڈار کو اس سال بارہ فروری کو معاون خصوصی کے عہدے سے ڈی نوٹیفاہی کر دیا گیا تھا۔ اب دوبارہ معاون خصوصی کے عہدے پر تعیناتی کی گئی ہے۔ عثمان ڈار کی تعیناتی اعزازی ہوگی اور اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر وقار مسعود خان کو معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو تعینات کر دیا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر وقار مسعود خان معاون خصوصی برائے ریونیو تھے۔ ڈاکٹر وقار مسعود کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔ کابینہ ڈویژن نے 3 الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔