اسلام آباد: (دنیا نیوز) جہانگیر ترین گروپ کے ارکان پارلیمنٹ اسلام آباد پہنچ گئے۔ جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر مشاورتی بیٹھک ہوگی جس کے بعد ہم خیال گروپ کے 33ارکان پارلیمنٹ آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔
جہانگیرترین گروپ کی وزیراعظم سے ملاقات کا معاملہ، مشاورتی بیٹھک میں وزیراعظم کے سامنے اٹھائے جانے والے نکات کو حتمی شکل دی جائےگی۔ ہم خیال گروپ میں شامل تمام اراکین کو ترین کیس کے تمام پہلووں پر بریفنگ دی جائے گی۔ گروپ وزیراعظم سے جہانگیرترین کیس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرے گا۔ جہانگیر ترین گروپ وزیراعظم کو مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے پس پردہ کردار پر بھی آگاہ کرے گا۔ رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے سامنے حقائق رکھیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ شفاف تحقیقات ہوں۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ترین گروپ سے ملاقات کے معاملے پر گورنر پنجاب چودھری سرور کو بھی وزیراعظم ہاؤس بلا لیا۔ چودھری سرور ترین گروپ کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔