کوئٹہ: (دنیا نیوز) کورونا کے کیسز میں مزید اضافے کے باعث محکمہ داخلہ بلوچستان نے فوری طور پر کوئٹہ میں 15 دن کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لوگوں کے ہجوم جلسہ، جلوس، ریلیوں، پانچ اور پانچ سے زیادہ افراد کے جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ قانون نافذ کرنے والے ادارے و دیگر متعلقہ افراد ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے و دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے ہی اس خطرناک مرض کے پھیلاؤ کو روک کر لوگوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 41 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 15 ہزار 227، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 889، خیبر پختونخوا میں 85 ہزار 531، بلوچستان میں 19 ہزار 525، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 10، اسلام آباد میں 56 ہزار 450 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 484 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ ایک لاکھ 7 ہزار 95 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 369 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 41 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 256 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 246، سندھ میں 4 ہزار 491، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 301، اسلام آباد میں 561، بلوچستان میں 206، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 348 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔