اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اتفاق رائے سے قرارداد کے حوالے سے اپوزیشن کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، مل بیٹھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔
قومی اسمبلی میں قرارداد پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ختم نبوت اور ناموس رسالتﷺ پر ان کے اور احسن اقبال کے جذبات ایک جیسے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت پاکستانی فخر ہے کہ جب گزشتہ سال فرانس میں توہین آمیز خاکوں کا واقعہ پیش آیا تو اس پر سب سے موثر آواز پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے آئی تھی۔ اس کی مثال مسلم امہ میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کا معاملہ ہم سب کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ ہمیں راستے کا تعین کرنا ہے، ایک دوسرے پر حملوں اور گاڑیاں جلا کر ہم یہ مقصد حاصل نہیں کرسکتے اور نہ ہی ماضی میں اس کا کوئی فائدہ ہوا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ قرارداد میں اپوزیشن کی شمولیت پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہے، ہمیں مل بیٹھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔