لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین قران بورڈ پنجاب کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ تحریک لبیک ایک ماہ کے اندر پارٹی کو کالعدم قرار دینے کے معاملے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر سکتی ہے۔
یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کے درمیان کسی قسم کی ڈیڈ لاک پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی گئی۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ہنگاموں کے دوران کچھ مخصوص علاقوں میں پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچایا گیا لیکن کالدم تحریک لبیک کے قائدین کا کہنا ہے کہ ان عناصر سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین میں املاک کو جلانے والوں کی نشاندہی کرنے پر اتفاق رائے موجود ہے، املاک کو جلانے والوں کی شناخت کرکے بے نقاب کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نظرثانی کی درخواست کا فیصلہ کالعدم تحریک لبیک کی قیادت کرے گی۔ ہم نے اس معاہدے میں ثالث کا رول اور گارنٹی بھی دی ہے۔ پارٹی پر پابندی کے حوالے سے ہمیں مکمل میرٹ پر فیصلے کی گارنٹی دی گئی ہے۔ ٹی ایل پی اپنی تمام جنگ آئینی اور قانونی طور پرلڑنا چاہتی ہے۔