کالعدم ٹی ایل پی سربراہ کی کارکنوں کو دھرنا فوری ختم کرنیکی ہدایت

Published On 18 April,2021 10:47 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی نے اپنے کارکنوں کو فوری طور پر چوک یتیم خانہ پر جاری دھرنا ختم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعد رضوی کی جانب سے اس سلسلے میں کارکنوں کے نام ایک تحریری پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ لاہور میں مسجد رحمت اللعالمین کے سامنے جاری دھرنا فوری ختم کیا جائے۔

سعد رضوی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ کارکن پرامن طور پر گھروں کو لوٹ جائیں جبکہ بیس اپریل کی ہڑتال کی کال بھی واپس لی جائے۔

کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ نے ہدایت کی ہے کہ شوریٰ ارکان خود کو قانون کے حوالے کر دیں، قبلہ ظہیر الحسن شاہ میری ہدایات پر فوری عمل کرائیں۔

یہ بھی پڑھیں: تمام کارکنان پر امن طور پر گھروں کو واپس چلے جائیں: حافظ سعد رضوی

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی سعد رضوی نے کہا تھا کہ تمام کارکنان پرامن طور پر اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔

اس بیان میں انہوں نے شوریٰ ممبران کے نام پیغام لکھتے ہوئے کہا کہ میں یہ اپیل کرتا ہوں کہ ملکی مفاد اور عوام الناس کی خاطر کوئی غیر قانونی قدم نہ اٹھایا جائے۔