اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سندھ کے ایک روزہ دورے پر چلے گئے، گورنر سندھ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزرا، معاونین بھی عمران خان کے ہمراہ ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم 446 ارب کے تاریخی پیکج کا اعلان کریں گے، عمران خان نے ثابت کیا، وہ قومی سوچ رکھنے والے لیڈر ہیں، وہ کسی خاص خطے نہیں، پوری قوم کیلئے سوچتے اور فیصلے کرتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کامیاب جوان پروگرام پر کام تیز کر دیا۔ پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے بعد سندھ کے نوجوانوں کیلئے خطیر رقم مختص کر دی گئی۔ عمران خان آج سکھر میں کامیاب جوان پروگرام کی تقریب میں شرکت کرینگے۔
سندھ میں نوجوانوں کیلئے پروگرام کے تحت ساڑھے 3 ارب سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی۔ سندھ میں سکل اسکالر شپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کی تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا گیا۔ 21 ہزار سے زائد نوجوانوں نے تربیت کے بعد روزگار حاصل کیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے 21 ہزار نوجوانوں میں ڈیڑھ ارب روپے کی رقم تقسیم ہوئی۔
وزیراعظم تربیت پانے والے نوجوانوں نوجوانوں میں خصوصی سرٹیفکیٹ تقسیم کریں گے۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت رقم کیلئے ڈھائی ارب روپے کا بجٹ بھی منظور کرلیا گیا۔ 2200 نوجوانوں کو روزگار کیلئے رقم کی تقسیم کا عمل آج سے شروع ہوگا۔ وزیراعظم کامیاب قرار پانے والے نوجوانوں میں رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔
عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایات دی ہیں کہ سندھ کے نوجوانوں کو با اختیار بنانا ہے، اس سال کے آخر تک سندھ کے نواجوانوں کو مزید 10 ارب روپے فراہم کریں گے۔