لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نافذ کورونا سمارٹ لاک ڈاؤن میں 26 اپریل تک توسیع دیدی گئی۔ 8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں لگائی گئی پابندیوں کی مدت بھی بڑھائی گئی ہے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اپریل سے شروع سمارٹ لاک ڈاؤن اب 26 اپریل تک نافذالعمل رہے گا۔
لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، چنیوٹ، حافظ آباد، قصور، ننکانہ صاحب، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ کو کورونا کے 8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں میں شامل کیا گیا ہے۔
8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے ان شہروں میں ان ڈور کھانوں، آؤٹ ڈور شادیوں، مارکیز سمیت تمام تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، ان شہروں میں مزار بھی زائرین کے لیے بند رہیں گے۔ دوسری جانب دیگر پابندیاں صوبہ بھر میں نافذ العمل رہیں گی۔
صوبہ بھر میں ٹرین سروس کل گنجائش کے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ جاری رہے گی، تمام کاروباری مراکز شام 6 بجے بند جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل طور پر بند رہیں گے۔
پنجاب بھر میں تمام سینما ہالز، تھیٹر اور تفریحی مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے، ہر قسم کے سپورٹس، ثقافتی تہوار اور اجتماعات پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرنے کا پابند ہوگا۔
انٹر سٹی ٹرانسپورٹ 50 فی صد گنجائش کے ساتھ سفر کرے گی۔ پٹرول پمپ کھلے رہیں گے، میڈیکل سروسز، فارمیسی، لیب، ہسپتال اور کلینکس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ ملک شاپس، آٹا چکیاں، تنور، سبزی، گوشت، بیکریاں، گروسری سٹورز کھلے رہیں گے۔ ماسک کی پابندی اور دیگر ایس اوپیز پر عملدرآمد بھی جاری رہے گا۔
ادھر لاہور کے علاقوں اسلام پورہ اور کیولری گراؤنڈ میں سمارٹ لاک ڈاؤن نوٹیفکیشن تک محدود ہے۔ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں نہ ہی پولیس اہلکار تعینات کئے گئے۔ کورونا سے متاثرہ گلیوں میں علاقہ مکینوں کی آزادانہ آمدورفت جاری ہے۔