راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں تعلقات اور دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ پولینڈ کے سفیر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستانی کوششوں کو بھی سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک میں تعلقات باہمی اعتماد اور تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں۔ دونوں ممالک کا دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت اہم سیکیورٹی امور پر یکساں موقف ہے۔