اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے دورے پر آئے سری لنکن فوج کے کمانڈر اور چیف آف ڈیفنس جنرل سلوا نے صدر مملکت اور آرمی چیف سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
سری لنکن فوج کے کمانڈر نے کہا کہ پاکستان قریبی دوست ہے۔ سری لنکا باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سری لنکا سے دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں سری لنکن فوج کے کمانڈر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغان امن عمل میں بھی کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلق مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز آمد پر جنرل سلوا کو پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی جسکے بعد انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔
بحرین کے کمانڈر نیشنل گارڈ زجنرل شیخ محمد بن عیسی الخلیفہ نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغان امن عمل، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال ہوا اور دو طرفہ فوجی تعاون میں وسعت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، بحرین کیساتھ سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔ بحرینی کمانڈر نیشنل گارڈ نے علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔