راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے نئے ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے اہم ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ظہیر احمد بابر نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹر(جی ایچ کیو) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے ایئر چیف ظہیر احمد بابر کو کمانڈ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران سپہ سالار کا کہنا تھا کہ امید ہے نئے ایئر چیف کی کمان میں فضائیہ نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔
دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا گیا ہے۔
ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ عسکری وسول حکام نے شرکت کی۔
انہوں نے پاک فضائیہ میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دی ہیں۔ قبل ازیں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 2019ء میں ہلال امتیاز ملٹری سے نوازا گیا تھا۔