اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے ہم۔منصب شیخ عبد اللہ بن زید النہیان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اماراتی ہم منصب کے ساتھ، متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ شیخ حمدان بن راشد المکتوم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا جبکہ اماراتی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کے نتیجے میں سفری سہولیات میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے جسے مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔دونوں وزرائے خارجہ کا باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون اور اعلی سطحی روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے دو طرفہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ناگزیر ہے۔