لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کورونا کی حالیہ سنگین لہر کے پیش نظر احتیاط سے کام لینا ضروری ہے، 24 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں سکول کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش مشکل فیصلہ تھا۔ کورونا نے پہلے ہی تعلیمی شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم چاہتی ہے کہ تعلیمی ادارے کھل جائیں۔ یکساں نصاب کے بارے میں شفقت محمود نے کہا کہ طلبہ خواہ امیر طبقے سے ہوں، سرکاری سکولوں، نجی یا پھر مدارس سے، معیاری تعلیم سب کا حق ہے اور اسی لیے یکساں نصاب متعارف کرایا جارہا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ پبلشرز کے تحفظات دور کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی جس نے کافی مسائل حل کردئیے ہیں جبکہ جلد ہی مزید پیش رفت ہوگی کیونکہ پبلشرزکو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے دس ارب روپے کی لاگت سے ایک لاکھ ستر ہزار افراد کو جدید ہنر کی تربیت دینے کے لیے پروگرام شروع کیا ہے، اساتذہ کو بھی دور جدید کے تقاضوں کے مطابق جدید تربیت دی جائے گی۔