سندھ ہائیکورٹ: فیصل واوڈا کی درخواست پر الیکشن کمیشن ودیگر سے 16 مارچ کو جواب طلب

Published On 09 March,2021 04:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی درخواست پر الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کر کے16 مارچ کو جواب طلب کر لیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں فیصل واوڈا نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن کو نااہلی کی درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے فیصل واوڈا نااہلی کیس سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ طلب کر لیا۔

الیکشن کمیشن کو کارروائی روکنے سے متعلق فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ پی پی رہنما قادر مندوخیل اور دیگر نے الیکشن کمیشن میں شکایت کی، الیکشن کمیشن کو براہ راست شکایات سننے کا اختیار نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق نیا ٹریبونل بن سکتا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کے خلاف کیس کیسے سن سکتا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی میں کیسز چل رہے ہوتے تو الگ بات تھی۔ وکیل نے جواب دیا کہ شہباز شریف نے بھی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔