کراچی ایکسپریس کو حادثہ، 7 بوگیاں الٹ گئیں، خاتون جاں بحق، 40 مسافر زخمی

Published On 07 March,2021 08:15 am

روہڑی: (دنیا نیوز) روہڑی میں سانگی ریلوے اسٹیشن کے قریب کراچی ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 7 بوگیاں الٹ گئیں، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ چالیس مسافر زخمی ہو گئے۔

 حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمی ہونے والے مسافروں کو روہڑی اور سکھر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ ریلوے حکام کے مطابق 30 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا، معلومات کیلئے ہیلپ ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا ہے، سنگل ٹریک سے ٹرینوں کی آمدورفت جاری ہے۔

آئی جی ریلویز کا کہنا تھا کہ حادثے میں 5 بوگیاں کھائی میں جا گریں تاہم امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، سرچنگ اور ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، ریسکیو آپریشن میں پاک فوج اور رینجرز کے جوان بھی مصروف ہیں۔

ابتدائی طور پر حادثے کا سبب بوگیوں کی کمپلنگ ٹوٹنا بتایا گیا ہے۔ وزیر ریلوے اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن کی براہ راست مانیٹرنگ کی، ٹریک جلد ازجلد بحال کرنےکی کوشش کررہےہیں۔ حادثےسےمتعلق رپورٹ 4سے5روز میں مل جائے گی، جو بھی غفلت کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

جنرل مینیجر نثار میمن کا جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد کہنا تھا کہ تحقیقات کیلئے کمیٹی 2 دن یہاں قیام کرےگی، ٹرین کا انجن جدید ہےجس میں اسپیڈ کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔ چیک کریں گےکراچی سےیہاں تک ٹرین کتنےوقت میں پہنچی، ٹرین کی رفتارکا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ ترتیب دیں گے، ٹریک کی بحالی کاکام جاری ہے۔