کورونا کے باعث پی آئی اے بر وقت قسط ادا نہ کر سکا: غلام سرور خان

Published On 16 January,2021 03:05 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) غلام سرور خان نے کہا ہے کہ نون لیگ کے دور میں طیارہ مہنگی لیز پر لیا گیا، کورونا کے باعث پی آئی اے بر وقت قسط ادا نہ کر سکا، ملائیشین عدالت نے سنے بغیر فیصلہ دیا، 22 جنوری کو لندن، 24 کو ملائیشین عدالت میں پیش ہوں گے۔

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا کی ایوی ایشن اندسٹری بیٹھ گئی، دیگر ایئر لائنز کی طرح پی آئی اے بھی متاثر ہوئی اور بر وقت اقساط ادا نہ ہوسکیں، پی آئی اے کے مہنگے معاہدوں میں ماضی کی حکومتوں نے کمیشن لیا، سب اچھا نہیں ہے، مگر سب اچھا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ اداروں کو تباہ و برباد کیا گیا، کرپشن کو جڑ سے ختم کر رہے ہیں، خود کو رہبر کہنے والے راہزن بن کر قوم کو لوٹتے رہے، پی ڈی ایم ضمنی انتخابات اور سینیٹ میں حصہ لے رہی ہے، صوبے یا وفاق میں عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے وہ لاسکتے ہیں، اپوزیشن کو عدم اعتماد لا کر چیئرمین سینٹ کے انتخابات کی طرح منہ کی کھانی پڑے گی۔