شہباز گل پر ہتک عزت کا دعویٰ کرنیوالا ترک کمپنی کا مقامی عہدیدار جعلساز نکلا

Published On 14 January,2021 03:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل پر ہتک عزت کا دعویٰ کرنے والا ترک کمپنی کا مقامی عہدیدار جعلساز نکلا، جعلسازی کرنے پر ترک کمپنی کے طاہر مبین نامی مقامی نمائندے کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم پر مقدمہ درج کیا۔ طاہر مبین نامی مقامی عہدیدار اور ایک ڈائریکٹرز نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے اجازت لیے بغیر ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ ڈاکٹر شہبازگل پر ہتک عزت کا مقدمہ مقامی عہدیداروں کی ایما پر درج کیا گیا۔ ملزم کی جانب سے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے کوئی منظوری نہ لی گئی۔

عدالت میں جمع کروائے گئے دستاویزات میں ملزم نے کمپنی کی جانب سے جعلی اجازت نامہ جمع کروایا۔ کمپنی کے پاکستان میں تعینات دو ڈائریکٹرز میں سے ایک ڈائریکٹر کے جعلی دستخط کیے گئے۔ جس دن اتھارٹی لیٹر پر دستخط کیے گئے اس دن ڈائریکٹر پاکستان میں موجود ہی نہ تھا۔

ڈاکٹر شہبازگل اس مقدمے میں کچھ روز پہلے لاہور کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ ان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی جیالوں نے انکی گاڑی پر حملہ کیا اور شدید نعرے بازی کی تھی۔