سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات کا دھندا، وزیر داخلہ نے ملوث عناصر کو 7 دن کی مہلت دیدی

Published On 23 December,2020 10:13 pm

اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاوٹ، سمگل شدہ اور غیر معیاری پٹرولیم مصنوعات کے دھندے میں ملوث عناصر کو سات دن کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں بڑی کارروائی کرے گی۔

سی ڈی ہیڈ کوارٹرز میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر آج پہلے سیاسی فیصلے کا اعلان کر رہا ہوں۔ وزیر داخلہ نے سات دن کے اندر سمگل شدہ پٹرولیم مصنوعات پٹرول پمپوں سے ختم کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر مہم چلائی جائے گی اور سات دن کے اندر اندر اگر سمگل پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو ایسے پیٹرول پمپ بند کرا دیئے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سمگل شدہ پٹرول سے ملک کا 7 بلین ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتا ہوں، مسیحی بھائیوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ چرچوں کا خیال رکھیں اور ہر طرح سے سہولت فراہم کریں تاکہ وہ کرسمس کی خوشیاں مناسکیں، انہوں نے کویڈ کے دوران مسیحی برادری کی خدمات کو بھی سراہا۔