اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جنہوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل ہی دے دیں اوراپنا شوق پورا کرلیں۔ جس کا دل چاہتا ہے لانگ مارچ کرے ، ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مجھ پر اعتماد کیا ہے،100 دن میں وزارت داخلہ میں تبدیلی ہوگی۔ امیگریشن،نادرا،پاسپورٹ، ایف آئی اےسمیت تمام ادارے قوم کی خدمت کے لیے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں وزیر اعظم پانچ سال پورے کریں گے ۔ جس کا دل چاہتا ہے آ جائے، لانگ مارچ کرے ۔ ہم استقبال کے لیے تیار ہیں۔ جنھوں نے استعفے فروری میں دینے ہیں وہ کل دے دیں اور اپنا شوق پورا کرلیں۔ معاشی وسیاسی مسائل سے نکال کر عمران خان قوم کو آگے لے کر جائے گا اور ملکی معیشت کو بھی بہتر کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ 70 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم پولیس لائنزکی تقریب میں شرکت کریں گے ۔ عمران خان کا کریڈٹ ہے کہ پولیس کو پہلی مرتبہ عزت ملنے جارہی ہے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ شناختی کارڈ روز جاری ہوں گے۔ تمام چیک پوسٹیں ختم کردی ہیں ۔ تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈ دفتر کھول دیئے جائیں گے۔ جو تحصیلیں رہ گئی ہیں وہاں ہر ہفتے ایک دفتر کھولیں گے۔