اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور امریکی مائیکروسافٹ کمپنی بل گیٹس کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ دونوں شخصیات نے عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کی صورتحال پر بات کی۔
وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کیساتھ کورونا سے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے بات کی اور انھیں وبا کیخلاف اٹھائے گئے اقدامات اور سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کی دوسری لہر سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ گیٹس فاؤنڈیشن کے احساس پروگرام میں تعاون سے غریبوں کی مدد ہوگی۔ ترقی پذیر ممالک کو کورونا ویکسین دینے کیلئے گیٹس فاؤنڈیشن کا عزم قابل ستائش ہے۔
وزیر اعظم نے ملک بھر میں پولیو خاتمہ مہم میں تیزی کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ حکومت پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے بھی پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے پولیو خاتمے کے لیے پاکستان کی استعداد کار بڑھانے پر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا
بل گیٹس نے کورونا وبا سے نمٹنے اور معاشی ترقی جاری رکھنے سے متعلق پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے پولیو اور کورونا سے نبرد آزما ہونے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔