سیالکوٹ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کا اپنی ایئرلائن بنانا بڑی پیشرفت ہے، آنیوالے دنوں میں سیالکوٹ ایکسپورٹرز کا مرکز بن جائیگا۔
سیالکوٹ میں نجی ائیر لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا تو اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بچا سکتے ہیں، ملکی دولت بڑھنےتک لوگوں کوغربت سے نہیں نکال سکتے۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کوغربت سےنکالا، سی پیک کے ذریعے چینی حکومت اب ملک کے مغربی حصے کو اوپر اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے تحت میٹروپولیٹن سٹی کا نظام بھی متعارف کروائیں گے، اپریل کے بعد ڈائریکٹ میئر کے انتخابات کرائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم سیالکوٹ پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، انہوں نے صنعتکاروں کی جانب سے شروع کی جانیوالی نجی ایئر لائن کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کی آج صنعت کاروں سے ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں۔ عمران خان سمبڑیال میں انجینئرنگ یونیورسٹی کی تعمیر کا اعلان بھی کریں گے۔ سونی فارم ہاوس میں وزیر اعظم غربا مساکین میں جانور بھی تقسیم کریں گے۔ عمران خان کی جانب سے سیالکوٹ کے لیے 17 ارب روپے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ شہر کی ترقی کے لئے 30 سالہ ماسٹر پلاننگ کے منصوبہ کا آغاز کیا جائے گا۔ صاف سر سبز سیالکوٹ منصوبے کے تحت شہر میں 5 نئے پارکس کی تعمیر کی منظوری بھی شامل ہے۔ 4 لاکھ شہریوں کے لئے پینے کے صاف پانی اور ٹریفک کے نظام کی اصلاحات کے لیے ٹریفک ری انجینئرنگ منصوبے کی منظوری بھی دی جائے گی۔ نکاسی کے جدید نظام کا شاندار منصوبہ بھی شامل ہے۔