لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے ہوٹل، کیفے اور ریسٹورنٹس کے اندر کھانا کھانے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ریسٹورنٹ، ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکتے ہیں، کھانے کے لیے بیٹھنے کا انتظام ایس او پیز کے مطابق سماجی فاصلے کو قائم رکھتے ہوئے کیا جائے گا، بیٹھنے کے لیے لگائے جانے والے میز اور کرسیوں میں ایس او پیز کے مطابق مناسب فاصلہ رکھا جائے گا۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کھلی جگہوں پر بھی کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا، ماسک پہنے، بار بار ہاتھ دھونے، بلا ضرورت کسی بھی سطح کو چھونے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے جیسے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا، کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے جاری کردہ تمام ایس او پیز پر لازمی عمل کیے جائے۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کہا تمام کاروبار رات 10 بجے بند کرنے کے اوقات کار پہلے سے ہی متعین ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ بلا ضرورت گھر سے باہر مت نکلیں، گھر رہیں، محفوظ رہیپں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 39 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 6 ہزار 810 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 499 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 83، سندھ میں ایک لاکھ 77 ہزار 625، خیبر پختونخوا میں 47 ہزار 919، بلوچستان میں 17 ہزار 268، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 683، اسلام آباد میں 31 ہزار 165 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 67 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 56 لاکھ 27 ہزار 539 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 904 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 46 ہزار 951 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 469 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 205 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 91، سندھ میں 2 ہزار 968، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 378، اسلام آباد میں 329، بلوچستان میں 169، گلگت بلتستان میں 97 اور آزاد کشمیر میں 173 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔