ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، سفیر نواف بن سعید المالکی

Published On 12 November,2020 05:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے ہی ہمارے اس کیساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

اسلام آباد میں سعودی ریلیف سینٹر کی جانب سے سندھ کے سیلاب متاثرین کے غذائی امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ پاکستان سعودی حکومت اور سعودی عوام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے سندھ کے 50 ہزار سیلاب متاثرین کے لیے غذائی امداد دی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، اُمہ کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعاگو ہیں۔ این ڈی ایم اے کے رکن محمد ادریس کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے ہر قدرتی آفت کے دوران ساتھ دیا جس سے مستحق اور نادار افراد کو مدد ملی۔ شاہ سلمان انسانی امدادی مرکز کی جانب سے امدادی سامان این ڈی ایم کے سپرد کر دیا گیا ہے۔