ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو صرف دھوکہ دیا: علی امین گنڈا پور

Published On 07 November,2020 07:18 pm

سکردو: (ویب ڈیسک) :وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو صرف دھوکہ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے ووٹ ملنے سے پہلے ہی گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا آئینی حق دے دیا ہے۔

سکردو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران گلگت بلتستان کیلئے کچھ نہیں کیا، دونوں جماعتوں نے آپ لوگوں سے ووٹ لیا کہ آئینی حقوق دیں گے لیکن ان لوگوں نے صرف آپ کو دھوکہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان بنتے ہی گلگت بلتستان کے لوگوں کو آئینی حقوق دینے کیلئے جدوجہد شروع کی تھی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کیلئے تاخیری حربے استعمال کرتے رہے، یہ لوگ کہہ رہے تھے کہ انتخابات سے قبل صوبے کا اعلان نہ کرنا ورنہ ہمارا صفایا ہو جائے گا لیکن وزیراعظم عمران خان نے کہا میں پہلے دوں گا، گلگت بلتستان صوبہ بن نہیں رہا، بن گیا ہے جس پر میں آپ لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مریم نواز نے عوام کے ٹیکس کے پیسے کا غلط استعمال کیا، اگر تھوڑا بھی پیسہ اپنی ذات کی بجائے عوام پر لگاتیں تو آج یہاں اتنے مسائل نہ ہوتے۔ اسکردو میں 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور ایئرپورٹ کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے، اس کے علاوہ 7 ارب کے گرڈ سٹیشن پر بھی کام شروع ہو گیا ہے جس سے آپ لوگوں کے بجلی کے مسائل حل ہو جائیں گے، میڈیکل کالج اور انجنیئرنگ یونیورسٹی کی بھی منظوری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی نیت ہی ٹھیک نہیں تھی اسلئے انہوں نے گلگت بلتستان کو سی پیک میں شامل نہیں کیا تھا تاہم موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں اکنامک زون کیلئے زمین خرید لی ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں اور جلد ہی اس پر کام شروع ہو جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت کے دوران گلگت بلتستان کا گندم کا کوٹہ ختم ہوا، اب گندم کا کوٹہ آ نہیں رہا بلکہ ایک لاکھ بوری گندم آ چکی ہے جو انتخابات سے قبل تقسیم کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں کیں اور کھربوں پتی بن گئے، بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنائے، وزیراعظم عمران خان آپ لوگوں اور آپ لوگوں کے بچوں کے مستقبل اور حقوق کیلئے جنگ لڑ رہے ہیں، وہ اکیلے ان بدعنوان عناصر کا مقابلہ کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اگر مر بھی جائیں تو ان ڈاکووں کو معاف نہیں کریں گے، وہ قوم کیلئے بدعنوان عناصر کو ایک مثال قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کوئی بھی قوم کا پیسہ لوٹنے کے بارے سوچ بھی نہ سکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر سال 30 کلو میٹر روڈ اپنے امیدوار کو دوں گا، آپ کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کو بھرتی کیا جائے گا، 13 اور 14 گریڈ اپ کا مطالبہ ہے، اب گریڈ 17 کی بھرتی بھی یہاں ہو گی، میں بطور وفاقی وزیر نہیں پی ٹی آئی کے کارکن کی طرح بات کر رہا ہوں، صرف وزیراعظم عمران خان آپ لوگوں کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور وہی آپ کی امانت حقدار ہیں۔