حافظ آباد: (دنیا نیوز) عمران خان حافظ آباد جلسہ گاہ پہنچ گئے جہاں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ وزیراعظم ہسپتال اور یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جلسے سے خطاب بھی شیڈول ہے۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بھی جلسے سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم انصاف صحت کارڈ کا دائرہ کار وسیع کرنے کا بھی اعلان کریں گے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی منشور کے مطابق تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا اپنی ٹویٹس میں کہنا تھا تحریک انصاف حکومت میں پسماندہ اضلاع ترقی کی جانب گامزن، یہ ہے حقیقی تبدیلی، وزیراعلیٰ عثمان بزدارماضی کے حکمرانوں کی طرح جھوٹے دعوؤں اور جعلی بیانات پر نہیں بلکہ حقیقی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا حافظ آباد جیسے پنجاب کے اہم شہر کو گزشتہ کئی دہائیوں سے لگاتار پسماندہ رکھا گیا لیکن اب نہیں، آج وزیر اعظم عمران خان حافظ آباد کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے میں 118 کنال پر محیط یونیورسٹی اور 400 بیڈ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی بنیاد رکھیں گے۔