وزیر خارجہ شاہ محمود کی آسٹریا کے دارالحکومت میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت

Published On 03 November,2020 11:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ہونیوالے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے آسٹریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا آسٹریا کے شہر ویانا میں دہشت گردی اور بے گناہ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات انتہائی افسوس ناک ہے، دہشتگردی کے اس واقعہ کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر دکھ اور افسوس ہے، پاکستان ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔

قبل ازیں وزارتِ خارجہ میں ایتھوپیا کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر شوذب عباس نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے بطور سفیر برائے ایتھوپیا تقرری پر شوذب عباس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا آج ہمیں خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لانا ہوں گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفیر کو معاشی سفارت کاری سمیت پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کے حوالے سے خصوصی ہدایات دیں۔ ایتھوپیا کیلئے نامزد سفیر شوذب عباس نے خصوصی ہدایات پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔