لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ہرپاکستانی کو صحت کی مفت سہولت دیناوزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری صحت بیرسٹرنبیل اعوان،سپیشل سیکرٹری اقبال حسین،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ انشی ایٹومینجمنٹ کمپنی خرم لودھی، سٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے نمائندگان ودیگرافسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین کا کہناتھا کہ وزیر اعظم عمرا ن خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکی ہدایت کے مطابق پنجاب بھرمیں یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی۔ صوبہ بھرمیں ہر خاندان کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کوصحت انصاف کارڈ کی تقسیم تین فیزوں میں یقینی بنائی جائے گی۔صحت انصاف کارڈ کے ذریعے عام آدمی کو صحت کی زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے فیز میں پنجاب کے 52لاکھ خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرچکے ہیں۔ عام آدمی کو صحت کی بہترسہولیات فرام کرناریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مختلف طبقات کے خاندانوں کا ڈیٹااکٹھاکیاجارہاہے۔ہرپاکستانی کو صحت کی مفت سہولت دیناوزیر اعظم عمران خان کا خواب ہے۔