لاہور: (دنیا نیوز) سموگ سے نمٹنے کے لئے پنجاب میں 7 نومبر سے صوبہ بھر میں روایتی بھٹے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے چلنے والے بھٹہ خشت چلتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں سموگ سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہا کمشنروں کو ریلیف کمشنر کے اختیارات تفویض کر دیئے گئے ہیں، ہر ضلع میں سموگ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا ہے۔
عثمان بزدار نے فیکٹریوں میں ٹائر جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا سموگ کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے حکومت اور سول سوسائٹی کا اشتراک بے حد ضروری ہے، فصلوں کی باقیات کو جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا، سٹیل رولنگ انڈسٹریز کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب میں الیکٹرک رکشے اور گاڑیاں چلانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا جبکہ صوبہ بھر میں بائیو گیس پلانٹ لگانے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔