کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں کورونا وائرس کیسز بڑھنے کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس، شادی ہالز اور سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
کمشنر کراچی کے زیر صدارت اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کمشنر کو بریفنگ دی گئی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے ریسٹورنٹس اور میرج ہالز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر کمشنر کراچی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کو کم از کم تین دن بند کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں تمام ریسٹورنٹس اور میرج ہالز چیک کریں۔
انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ سکولوں میں کورونا ٹیسٹنگ میں اضافہ کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انھیں بھی بند کیا جائے۔
اجلاس کا فیصلہ کیا گیا کہ پارکس میں بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ماسک کے بغیر کسی کو پارک میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ڈپٹی کمشنر آج رات گئے تک کارروائی کی رپورٹ کمشنر کو پیش کریں گے۔