شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 02 September,2020 05:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے دورے پر پہنچنے والے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات کی ہے۔

بلاول ہاؤس آمد پر آصف علی زرداری نے خود میاں شہباز شریف اور ان کے ہمراہ آنے والے لیگی وفد کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دی گئی۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مرہم رکھنے کراچی آئے، بارشوں کے بعد صورتحال مشکل ہے، اس وقت میں ساتھ دینے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے۔ سب کو اکھٹے بٹھانے کا قدم وزیراعظم کو خود اٹھانا چاہیے تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کے مشکور ہیں۔ ہم اظہار یکجہتی کیلئے کراچی آئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارشوں کے بعد صورتحال خراب ہے۔ وفاق، صوبائی حکومت کیساتھ مل کر خطیر امدادی پیکج کا اعلان کرے۔

ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے۔ ملک میں انتشار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے تمام آپشنز زیر غور لائیں گے۔

ادھر اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تاریخ کے حوالے سے اہم مشاورت ہو گی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس 2 بجے اسلام آباد میں اکرم درانی کے گھر ہوگا۔

رہبر کمیٹی اے پی سی کا ایجنڈا طے کرے گی۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس میں فیٹف قانون کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔