صحت انصاف کارڈ پر پی ٹی آئی پارٹی جھنڈے کی تشہیر کے کیس کا فیصلہ محفوظ

Published On 19 August,2020 11:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحت انصاف کارڈ پر پی ٹی آئی پرچم کی تشہیر کیخلاف ن لیگ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حکومتی وکیل سے مکالمے کے دوران کہا کہ جس چیز کا دفاع نہیں کر سکتے اس کا دفاع نہ کریں۔

 چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ صحت کارڈ پر پرنٹ کیا گیا جھنڈا ہے نا کسی کا ؟ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عوامی پیسے سے کوئی اپنی تشہیر نہیں کر سکتا، جس چیز کا دفاع ممکن نہیں اس کا دفاع نہ کریں، قانون تو سب کے لیے برابر ہے، جو دوسرے کے لیے غلط ہے وہ حکومت کے لیے بھی غلط ہے۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ وفاقی حکومت نے صحت کارڈ پر پارٹی پرچم کا رنگ دینے کا معاملہ کابینہ کے سامنے رکھا تھا ؟ وزارت صحت کے مطابق وزیر نے یہ خلاف ورزی کی، دنیا بھر میں کیا ہوتا ہے، برطانیہ امریکہ میں حکمران تصویریں لگاتے ہیں ؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مقدمے کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔