راوی ریور پراجیکٹ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے: عثمان بزدار

Last Updated On 07 August,2020 11:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق ادوار میں کوئی بھی اس چیلنج کو قبول کرنے کی ہمت نہیں کر سکا، معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کا قیام عمل آچکا ہے۔ اسلام آباد کے بعد آج پاکستان کے دوسرے پلینڈ شہر کو آباد کرنے کی طرف جا رہے ہیں۔ یہ شہر نیا لاہور ہوگا جسے منصوبہ بندی کے تحت بسایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 3 بیراج بنیں گے اور 5 لاکھ 85 ہزار کیوسک پانی ذخیرہ ہو گا۔ پانی کی سٹوریج سے لاہور کے اندر زیر زمین پانی کی کم ہوتی سطح بہتر ہو گی۔ جھیل بننے سے ایکو سسٹم بہتر ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آبی اور فضائی آلودگی کے سدباب کیلئے گرین زون بنائے جائیں گے۔ 60 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ عوام کو رہائش کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی۔ تقریباً 18 لاکھ رہائشی یونٹس بنیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اتھارٹی کا ایکٹ پاس ہو چکا ہے۔ اتھارٹی کا چیئرمین لگا دیا گیا ہے اور بورڈ مکمل ہو چکا ہے۔ اس میگا پراجیکٹ کے آغاز کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ یہ پاکستان کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔ یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے جسے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہماری حکومت نے قبول کیا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ سابق ادوار میں کوئی بھی اس چیلنج کو قبول کرنے کی ہمت نہیں کر سکا، انشاء اللہ اس چیلنج کو پورا کریں گے۔ اس منصوبے کی راہ میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ اس پراجیکٹ سے معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا۔