کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ

Last Updated On 27 July,2020 08:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔

تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کورونا کے حوالے سے منعقدہ چار ملکی (چین، افغانستان، پاکستان، نیپال) ورچول کانفرنس کیلئے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ میں اپنی مصروفیات کے سبب اس اہم کانفرنس میں شرکت نہیں کر پایا، میں نے اس لیے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار کو اس کانفرنس میں شرکت کی درخواست کی۔

مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں چینی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے کووڈ 19 جیسے اہم موضوع پر چار ملکی کانفرنس کا انعقاد کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین، افغانستان، نیپال اور پاکستان اس خطے کے اہم ممالک ہیں۔ ہمیں اپنے لوگوں کو اس عالمی وبا کے مضمرات سے بچانے اور کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس انتہائی اہم اور غیر معمولی نوعیت کی کانفرنس کی قیادت پر میں اپنے عزیز دوست، چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کا خصوصی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس وائرس سے نمٹنے کیلئے اتحاد باہمی وکثیر الجہتی تعاون کی ضرورت ہے جو کسی مذہب، قومیت اور علاقائی حدود سے مبرا ہے۔ میں آپ سب احباب کی توجہ کیلئے انتہائی شکر گزار ہوں اور اس فورم کی کامیابی کیلئے دعاگو ہوں۔