گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں: شہباز شریف

Last Updated On 25 July,2020 11:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کہنا تھا کہ 25 جولائی تاریخ میں ایک ایسے دن کے طورپر یاد رکھاجائے گا جس دن عوام کا مینڈیٹ چوری کیاگیا اور ملک پر ایک سلیکٹڈ حکومت مسلط ہوئی۔

ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ دوسال ثابت کررہے ہیں کہ یہ تجربہ پاکستان کو بہت مہنگا پڑا، آج گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں۔

اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ مضبوط معاشی نظام ایک مضبوط سیاسی حکومت کے بغیر نہیں بن سکتا، کسی ملک کا دفاع مضبوط معیشت کے بغیر نہیں ہو سکتا، پی ٹی آئی حکومت نے ابھرتے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو زمین بوس کر دیا۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل نے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکمران جماعت تحریک انصاف کی دوسالہ کارکردگی پر کڑی تنقید کی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے ابھرتے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو زمین بوس کر دیا: احسن اقبال

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ابھرتے پاکستان کی ترقی کرتی معیشت کو زمین بوس کر دیا، 2018ء میں ن لیگ کا ووٹ بینک چوری کیا گیا، اسی چوری کی سزا عوام دوسال سے بھگت رہے ہیں۔

لیگی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کو ہر ا کر سی پیک منصوبے کو نشانہ بنایا گیا، معیشت تباہ ہو کر رہ گئی سی پیک محدود ہوگیا، کمزور معیشت کی وجہ سے مودی پاکستان کو آنکھیں دکھا رہاہے ،

احسن اقبال نے بتایا کہ معاشی انقلاب تودور،عوام کو دووقت کی روٹی کے لالے پڑگئے۔ ،آٹا،شوگر،پٹرل اورڈرگ مافیا کاراج ہے، انتقام کی سیاست ہورہی ہے۔ ہم پاکستان کو دنیا کی 25 ٹاپ معیشتوں میں لے کر جانا چاہتے تھے، آج ہماراملک سست ترین معاشی ترقی کررہاہے،اس کاذمہ دارکون ہے، بھوٹان، بنگلہ دیش، سری لنکا ہمارے سے آگے نکل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے بعد اپوزیشن کی اے پی سی منعقد ہوگی۔ اے پی سی میں حکومت سے نجات کےلئے لائحہ عمل طے کریں گی۔ اپوزیشن متفق ہے کہ حکومتی پالیسیاں ملک کے لئے خطرہ ہیں