برطانیہ میں ڈیکسا میتھازون سے نتائج مثبت آئے ہیں: ڈاکٹر ظفر مرزا

Last Updated On 17 June,2020 10:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ برطانیہ میں ڈیکسا میتھازون سے نتائج مثبت آئے ہیں، اس دوا کے استعمال سے کورونا وائرس سے اموات میں کمی واقع ہوگی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ڈیکسا میتھازون کورونا وائرس کے خلاف پہلا علاج ہے، پاکستان میں ماہرین کی کمیٹی ڈیکسا میتھازون کے استعمال پر غور کرے گی، ڈبلیو ایچ او نے کورونا کے علاج میں اسے اہم پیشرفت قرار دیا ہے، ڈبلیو ایچ او نے کورونا مریضوں کیلئے ڈیکسامیتھازون کو خوش آئند کہا ہے۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 760 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 136 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 975 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 839 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 58 ہزار 239، سندھ میں 57 ہزار 868، خیبر پختونخوا میں 19 ہزار 107، بلوچستان میں 8 ہزار 437، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 164، اسلام آباد میں 9 ہزار 242 جبکہ آزاد کشمیر میں 703 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 9 لاکھ 50 ہزار 782 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28 ہزار 117 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 58 ہزار 437 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 136 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 975 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 149، سندھ میں 886، خیبر پختونخوا میں 731، اسلام آباد میں 90، گلگت بلتستان میں 17، بلوچستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔