لاہور: (دنیا نیوز) صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کے بعد وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاؤن نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں مکمل لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق مزید پابندیاں لگائی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور سمیت کسی بھی ضلعی کو مکمل لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔ شہروں کو ٹاون کی سطح پر لاک ڈاون نہیں کیا جائے گا۔
لاہور کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کی تعدا د کے بعد لاہور میں بھی صرف ریڈ زون بنائے جائیں گے۔ علاقوں کو لاک ڈاون کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں مارکیٹیوں کو بند کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا جبکہ ایک تجویز یہ بھی تھی کہ مارکیٹوں کو بند کرنے کی بجائے ایک وارننگ مزید دینے دی جائے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور میں کورونا ایس او پیز کی پابندیاں مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت پنجاب میں جہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے سخت ایکشن لیا جائے۔ لاہور سمیت پنجاب میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا عوام کو ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کرنا ہوگا۔ اپوزیشن کا کام صرف تنقید کرنا ہے ہم تنقید سے گھبرانے والے نہیں، حکومت کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے اس کے باوجود حالات کنٹرول میں ہیں، عثمان بزدار پنجاب کو ایک زبردست ٹیم کے ساتھ اچھے انداز میں چلا رہے ہیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 88 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 50 ہزار 87، سندھ میں 49 ہزار 256، خیبر پختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 44، اسلام آباد میں 7 ہزار 163 جبکہ آزاد کشمیر میں 574 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 39 ہزار 19 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 850 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 50 ہزار 56 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 88 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 551 ہوگئی۔ پنجاب میں 938، سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 80 اور آزاد کشمیر میں 11 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔