لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، صرف دو ماہ کے دوران کیسز کی تعداد تقریباً 90 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اپریل تک ملک بھر میں کیسز کی تعداد 30 ہزار کے قریب تھی جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔
I’ve been feeling unwell since Thursday; my body had been aching badly. I’ve been tested and unfortunately I’m covid positive. Need prayers for a speedy recovery, InshaAllah #COVID19 #pandemic #hopenotout #staysafe #stayhome
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) June 13, 2020
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ جمعرات سے طبیعت خراب ہے، جسم میں درد ہے۔ بدقسمتی سے میرا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ قوم سے دعائے صحت کی اپیل ہے۔
دریں اثناء آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے رابطہ کیا ہے، آرمی چیف نے کورونا وائرس کا شکار شاہد آفریدی سے ان کی طبیعت پوچھی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شاہد آفریدی کی جلد سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور ان کو آرام کرنے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔