ملتان: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قوم کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی مس ایڈونچر کی کوشش پر بھرپور جواب دیں گے، کشمیر میں آج بھی کرفیو ہے، نماز پڑھنے تک کی اجازت نہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ طیارہ حادثے کی انکوائری ہو رہی ہے، جو ذمہ دار ہوا اس کو استعفی دینا ہو گا۔ بلیک باکس سے کوئی چیز چھپ نہیں سکتی، وہ مل چکا ہے۔ تحقیقات سے طیارہ حادثہ کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ دعا ہے اللہ تعالی طیارے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو صبر دے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں 3 لاکھ سے زائد لوگ کورونا کا شکار ہوئے، ہماری دعا ہے اللہ پاک جلد اس سے نجات دے۔ بہت سے پاکستانی کورونا سے متاثر ہوئے تاہم متعدد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
بھارت سے متعلق وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ یو این سیکرٹری جنرل کے ساتھ بھارت سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سیکرٹری او آئی سی کو بھی بھارت کی حرکتوں سے آگاہ کیا، مذکورہ تنظیم فلسطین اور کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے بنائی گئی تھی۔ بھارت نے بلوچستان میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی، بھارتی سازشیں ہماری آنکھوں سے اوجھل نہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا بازار گرم کر رکھا ہے، وہاں آج بھی کرفیو ہے، کشمیری بھائی عید کی نماز تک ادا نہیں کر سکے۔ کشمیریوں کے گھر لوٹے اور جلائے جا رہے ہیں۔