سرینگر: (ویب ڈیسک) چیئر مین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کی طرف سے عید الفطر کے اعلان کے بعد مقبوضہ کشمیر کی عوام نے پاکستان کیساتھ عید منانے کا اعلان کر دیا۔ صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے اسے ریفرنڈم قرار دیدیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پاکستان میں روایت ہلال کمیٹی کی طرف سے عید کا اعلان کیے جانے کے بعد سرینگر کی متعدد مساجد، شہروں اور دیہات میں اعلانات کیے گئے کہ عید الفطر پاکستان کے ساتھ منائی جائے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کا یہ رواج ہے کہ رمضان المبارک اور عید الفطر پاکستان کے ساتھ مناتے ہیں نہ کہ بھارت سمیت کسی اور دوسرے ممالک کیساتھ۔
دوسری طرف صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا بھی کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بجائے پاکستان کے ساتھ عید منانے کا فیصلہ کیاہے، مقبوضہ وادی میں پاکستان کے ساتھ عید منانا بھارت کے خلاف ریفرنڈم یے۔
صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے رویت ہلال کے مطابق عید کا فیصلہ کر کے مودی کو واضع پیغا م دیا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دل ہمیشہ پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔