اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں ہونیوالے طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی، تحقیقاتی ٹیم نے جہاز کی لاگ بک، بلیک باکس، کوئیک ایکسیس ریکارڈر طلب کرلیا، پی آئی ے انجینئرنگ اینڈ مینٹی ننس ڈپارٹمنٹ نے تباہ جہاز کی ایگزیکٹو سمری جاری کر دی۔
کراچی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کی تحقیقات کا آغاز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ہوا، تحقیقاتی ٹیم نے جہاز کی لاگ بک، بلیک باکس، کوئیک ایکسیس ریکارڈر طلب کر لیا، مینٹی ننس ریویو سرٹیفیکیٹ، فلائنگ ہسٹری، پائلٹس کا ڈیٹا بھی مانگا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم ایئر ٹریفک کنٹرولر اور پی آئی اے انجینئرنگ عملے سے بھی معلومات حاصل کرے گی جبکہ آخری پرواز آپریٹ کرنے والے پائلٹ سے بھی پوچھ گچھ کی جائیں گی۔
طیارے حادثے کی تحقیقات چار حصوں پر مشتمل ہوگی، پہلے متاثرہ جہاز کی ریکارڈ کا جانچ پڑتال کی جائیگی، جہاز سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لیا جائیگا، تباہ جہاز کے متاثرہ حصوں، انجنوں، لینڈنگ گیئرز اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا جائیگا، متاثرہ جہاز کے بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کیلئے فرانس بجھوایا جائیگا۔
دوسری طرف پی آئی ے انجینئرنگ اینڈ مینٹی ننس ڈپارٹمنٹ نے تباہ جہاز کی ایگزیکٹو سمری جاری کر دی۔ انجن، لینڈنگ گیئر اور فلائنگ ہسٹری اور مینٹی ننس ایگزیکٹو سمری کا حصہ ہے، سمری کے مطابق تباہ ہونے والے طیارے نے حادثے سے ایک دن قبل آخری اڑان بھری، طیارے کا آخری بار مکمل معائنہ 2018 میں کیا گیا۔