احتساب کا نیا دور، نیب میں بڑے آپریشن کی تیاری جاری

Last Updated On 21 May,2020 08:59 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) نیب میں بڑے آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔ دنیا نیوز کے پروگرام 'دنیا کامران خان کے ساتھ' کے میزبان کامران خان نے کہا ہے کہ کابینہ کے ارکان بھی نشانے پر ہیں، ملک میں احتساب کا نیا دور ہے۔ ایک ہفتے میں وزیر ہوا بازی اور وزیر مذہبی امور کیخلاف تحقیقات کا آغاز ہوا ہے۔ ن لیگ کے بڑوں کیخلاف پرانے کیسز میں تیزی لائی گئی ہے، جعلی بینک اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ کیسز میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کوئی مشیر ہو یا معاون خصوصی اس کے اثاثے ظاہر ہونے چاہئیں۔ غلام سرور خان اور نورالحق قادری کیخلاف شکایات تصدیق کے مراحل میں ہیں، آئین سے کوئی بالاتر نہیں، وفاقی وزرا تحقیقات کیلئے نیب سے تعاون کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف میں پارٹی سطح پر کوئی ہلچل نہیں، چینی کمیشن کی رپورٹ تفصیلی ہوگی، اسے عوام کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا شہباز شریف کیخلاف کیسز میں نیب نے اپنی تفتیش مکمل کر لی ہے اب ریفرنس دائر ہونے جا رہے ہیں، نواز شریف اور آصف زرداری کیلئے بھی حالات مزید مشکل ہونے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا صوبوں کے ساتھ وفاق کو بھی مضبوط کرنا ہے، 18 ویں ترمیم میں رہتے ہوئے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کا حل موجود ہے، اس میں بہت ساری اچھی چیزیں ہیں تاہم خامیاں بھی ہیں ان پر بیٹھ کر بات کی جاسکتی ہے۔