ملک بھر میں کورونا مزید 24 جانیں نگل گیا، 27 ہزار 474 افراد متاثر

Last Updated On 09 May,2020 12:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 27 ہزار 474 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 618 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1637 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 10 ہزار 471، سندھ میں 9 ہزار 691، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 327، بلوچستان میں ایک ہزار 876، گلگت بلتستان میں 421، اسلام آباد میں 609 جبکہ آزاد کشمیر میں 79 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 2 لاکھ 70 ہزار 25 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار 982 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 ہزار 756 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 24 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 618 ہوگئی۔ سندھ میں 175، پنجاب میں 191، خیبر پختونخوا میں 221، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 24 اور اسلام آباد میں 4 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ

عالمی ادارہ صحت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے پاکستان میں 86 فیصد مریض مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس سے متاثر ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 24073 مصدقہ متاثرین میں سے 20725 یعنی 86 فیصد مریضوں کو مقامی منتقلی کی وجہ سے وائرس لگا ہے، بقیہ 14 فیصد متاثرین کو بیرون ملک سفر کے دوران وائرس لگا۔

مقامی منتقلی کے سب سے زیادہ متاثرین اسلام آباد میں ہیں جہاں 503 مریض یعنی 96 فیصد کو مقامی سطح پر وائرس لگا ہے۔ پنجاب میں مقامی منتقلی کے مریض 83 فیصد یعنی 7547 مریض ہیں جبکہ سندھ میں 90 فیصد یعنی 7766 مریض مقامی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔