وزیراعظم سے آئی ایس آئی کے سربراہ کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

Last Updated On 06 May,2020 11:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ملاقات کی ہے جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 15 اپریل کو وزیراعظم اور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم قومی سلامتی کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

بعد ازاں 23 اپریل کو وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا جہاں انھیں ملکی سلامتی کے امور اور کورونا وبا کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کو خارجی اور داخلی محاذ پر درپیش چیلنجوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا اور مشیر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ ملکی سلامتی، سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم اور ڈی جی آئی ایس آئی کے درمیان رواں سال فروری میں بھی ملاقات ہوئی تھی جس میں سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وزیراعظم اور پاک فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ کے درمیان گزشتہ سال نومبر میں ملاقات ہوئی تھی جس میں قومی سلامتی کے امور سمیت دیگر اہم ایشوز پر بات چیت ہوئی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے وزیراعظم عمران خان سے جون 2019ء میں ڈی جی آئی ایس آئی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے آئی ایس آئی سربراہ کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو