سندھ حکومت کس منہ سے وزیراعظم عمران خان سے استعفی مانگ رہی ہے: فیصل واوڈا

Last Updated On 02 May,2020 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کس منہ سے وزیراعظم عمران خان سے استعفی مانگ رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اگر کام نہیں کرنا چاہتے تو استعفی دیں اور کسی اور کام کو کام کرنے دیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں سندھ حکومت کس منہ سےاستعفیٰ مانگ رہی ہے، اگرہم کچھ کرنے پر آئیں تو بہت کچھ کرسکتےہیں، سندھ حکومت نااہلی چھپانےکیلئےبیان بازی کررہی ہے، پیپلزپارٹی نےسندھ میں اربوں روپےکی کرپشن کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت امداد مستحقین تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کوموجودہ صورتحال میں عوامی مشکلات کابخوبی اندازہ ہے۔ احساس پروگرام پورےسندھ میں شروع کیاگیاہے۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کوٹیسٹنگ کٹس کی صورت میں امدادفراہم کی۔ سندھ میں کتےکاٹنےکی ویکسین ابھی تک تیارنہیں ہوسکی ہے۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کا الزام مسترد کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور این ڈی ایم اے کی جانب سے سندھ کو سپلائی کئے گئے طبی سامان کی فہرست بھی جاری کر دی۔ سندھ حکومت کے وزراء مسلسل غلط بیانی کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے ضرورت کا مطلوبہ طبی سامان بر وقت سندھ حکومت کو پہنچایا ۔77 ہزار سے زائد ٹیسٹنگ کٹس وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کو دی گئیں، 5 لاکھ سے زائد فیس ماسک، 3 لاکھ سرجیکل ماسک، 30 ہزار این 95 ماسک فراہم کئے گئے۔

شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ حفاظتی لباس، تھرمل گنز، پی سی آر مشینیں بھی وفاق کی جانب سے دی گئیں، ہینڈ سینیٹائیزرز، باڈی بیگز، سیفٹی باکسز، دستانے اور خصوصی گلاسز فراہم کئے گئے، صوبائی وزراء جھوٹ بولنے سے پہلے حقائق کو مطالعہ کر لے۔