بوٹ دکھانے کا معاملہ، فیصل واوڈا کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر نوٹس جاری

Last Updated On 17 January,2020 12:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر 23 جنوری کے لیے ایس پی کمپلینٹ سیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا نے اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست مقامی وکیل رانا نعمان ایڈووکیٹ اور مدثر چوہدری ایڈوکیٹ نے دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ فیصل واوڈا نے ٹاک شو میں بوٹ دکھا کر قومی سلامتی کے اداروں کی تضیک کی، فیصل ووڈا وفاقی وزیر ہیں، انہوں نے پارلیمنٹ کی توہین کی، ان کا عمل اداروں کی ساکھ متاثر کرنے کے مترادف ہے، تھانے میں فیصل ووڈا کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پولیس کو وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے کہا متعلقہ ایس ایچ او اور فیصل ووڈا کے علم میں لائیں کہ ان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔