وزیراعلیٰ پنجاب کا مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ، سہولیات کا جائزہ

Last Updated On 17 April,2020 01:02 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے شیخوپورہ میں احساس کفالت پروگرام کے تحت مالی امداد تقسیم کرنے کے سینٹر کا دورہ کیا، سردار عثمان بزدار نے سینٹر پر مالی امداد کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سینٹر میں مستحق خواتین کیلئے ہر طرح کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مستحق خواتین سے سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر عثمان بزدار نے سینٹر میں موجود خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر میں آنے والی خواتین کیلئے سماجی فاصلے برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، 12 ہزار روپے کی مالی امداد آپ پر احسان نہیں بلکہ آپ کا حق ہے۔

بعدازں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت شیخوپورہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں کورونا کی وباء سے نمٹنے کے اقدامات، انسداد ڈینگی، گندم خریداری مہم،امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ عثمان بزدار نے سیاسی و انتظامی ٹیم کو مزید متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آزمائش کی گھڑی میں عوام کو کسی صورت حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، منتخب نمائندے اور انتظامی افسران متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، یہ وقت عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونے کا ہے، کورونا کے ساتھ انسداد ڈینگی، گندم خریداری مہم اور صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنایا جائے۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، میاں خالد محمود، اراکین اسمبلی، کمشنر لاہور ڈویژن اور ضلعی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔