لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رمضان ریلیف پیکج کے تحت مستحق خاندانوں کو براہ راست مالی امداد دینے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رمضان پیکج کے تحت عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وبا کے پیش نظر پنجاب بھر میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کا کہنا تھا کہ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکج کے تحت مالی امداد دیں گے۔ انہوں نے رمضان پیکج کے تحت مالی امداد کا طریقہ کار اور دیگر امور جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔
عثمان بزدار نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے پیش نظر عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ عوام کو اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔