نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس، مختلف سفارشات کو حتمی شکل دیدی گئی

Last Updated On 14 April,2020 07:16 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اجلاس میں کورونا وائرس کے تناظر میں مختلف سفارشات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے علما کی مشاورت سے رمضان المبارک کے دوران تروایح اور عوامی اجتماعات کےحوالے سے رہنما اصول وضع کرنے کی سفارش کی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس آج (منگل) اسلام آباد میں منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہوا جس میں کوروناوائرس کی وبا کے تناظر میں قومی رابطہ کمیٹی کی منظوری کےلئے مختلف سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں تجویز دی گئی کہ وزارت داخلہ علما کی مشاورت سے رمضان المبارک کےلئے رہنما اصول مرتب کرے گی۔

ملک کی مقامی سطح پر پیداوار کی صلاحیت سے متعلق اجلاس میں سفارش کی گئی کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹیسٹنگ کٹس کی مقامی سطح پر تیاری کے فیصلے کو چھتیس گھنٹے میں حتمی شکل دے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سات ریل گاڑیوں کو ہسپتالوں اور آئسو لیشن وارڈز میں تبدیل کیاگیا ہے جبکہ چھبیس ریل گاڑیاں ملک بھر میں چلانے کےلئے دستیاب ہیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ تین ماہ میں ایک ہزار نوسو پچاس مسافر واپس لائے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے وزارت داخلہ سے کہا کہ وہ مزید دو ہفتے کےلئے سرحدوں کی بندش کا اعلامیہ جاری کرے جس کاا طلاق گزشتہ نوٹیفکیشن کی مدت ختم ہونے سے ہوگا۔

اجلاس میں سفارش کی گئی کہ واہگہ سرحد اس ماہ کی سولہ سے انتیس تاریخ تک، افغانستان اور ایران کے ساتھ مغربی سرحد اس ماہ کی تیرہ سے چھبیس تاریخ اور کرتارپور راہداری اس ماہ کی گیارہ سے چوبیس تاریخ تک بند رکھی جائے۔