'جہانگیر ترین نے کرپشن نہیں کی، وزیراعظم تک جھوٹی خبریں پہنچائی جا رہی ہیں'

Last Updated On 08 April,2020 03:24 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) راجہ ریاض نے کہا ہے چینی اور آٹے پر انکوائری رپورٹ جلدبازی میں جار ی کی گئی، جہانگیر ترین نے کوئی کرپشن نہیں کی، پالیسی کی منظوری دینے والے ذمہ دار ہیں، وزیراعظم تک جھوٹی اور بے بنیاد خبریں پہنچائی جا رہی ہیں۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چینی اور گندم پر رپورٹ کو ابھی شائع نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ رپورٹ ابھی نامکمل ہے جس کو 25 اپریل کو شائع کرنا چاہئیے تھا، ابھی کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا پوری دنیا میں شوگر پر سبسڈی دی جاتی ہے، اگر جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی کو چھوڑا تو اس کا نقصان بہت زیادہ ہوگا، وزیر اعظم اس فیصلے کو خود دیکھیں کسی کی باتوں میں نہ آئیں۔

راجہ ریاض کا کہنا تھا سبسڈی کوئی غیر قانونی نہیں ہے، جہانگیر ترین اربوں روپے ٹیکس دیتے ہیں ان کو 56 کروڑ سے کیا فائدہ ہوگا، عمران خان کو کچھ لوگ غلط معلومات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جہانگیر ترین کے وجہ سے وفاق اور صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت بنی، وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھا شہباز گل کونسلر منتخب نہیں ہوسکتا، خان صاحب شہباز گل کو کونسلر کا الیکشن لڑوا کر دیکھ لیں، کچھ لوگ سازشیں کر کے وزیراعظم کو غلط مشورے دے رہے ہیں۔