اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت کی جانب سے ان کیمرہ بریفنگ دی گئی، معاون خصوصی صحت ظفر مرزا اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے عدالت کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے سپریم کورٹ کے ججز کو بتایا کہ ہم کورونا وائرس کے تدارک کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، اب تک اندازے سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اموات بھی کم ہوئی ہیں، ہیلتھ ایمرجنسی کے دوران حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے قرنطینہ سینٹرز اور ٹیسٹنگ کی سہولیات کے حوالے سے بھی ججز کوآگاہ کیا اور بتایا کہ ہسپتالوں کی او پی ڈیز مرحلہ وار کھولی جائیں گی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ ہم جو کچھ کر رہے ہیں اس سے عدالت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔